• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم بھی کبھی تھے آشنا، تمہیں یاد ہو کہ نہ یاد ہو‘‘۔۔۔

اسلام آباد (محمد صالح ظافر، خصوصی تجزیہ نگار) صدر آصف علی زرداری منگل کی شام سیرینا میں جاپان کے شہنشاہ کی 66ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کے لئے آئے تو انہوں نے راستے میں اپنے گزشتہ دور کے خارجہ امور کے سابق وزیر مملکت ملک عماد خان آف کالا باغ کو دیکھ کر بے ساختگی سے یہ کہتے ہوئے گلے لگا لیا کہ ’’ہم بھی کبھی تھے آشنا، تمہیں یاد ہو کہ نہ یاد ہو‘‘ اس کے ساتھ ہی دونوں نے قہقہہ لگا دیا۔ ملک عماد خان نے کہاکہ یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ میں آپ کو بھول جاؤں، جلد ہی ملاقات کے لئے آؤں گا۔ اس موقع پر ایک اخبار نویس نے صدر سے دریافت کیا کہ بلاول بھٹو زرداری کہاں ہیں تو انہوں نے قدرے توقف سے کہا کہ وہ لندن میں ہے۔اس پر ان سے کہا گیا کہ اسے واپس بلایا جائے، ملک کو اس کی ضرورت ہے تو صدر زرداری یہ کہہ کر آگے بڑھ گئے کہ دیکھتے ہیں۔ جاپان کے سفارتخانے نے کمرہ ضیافت کی راہداری میں اپنے ملک کی مصنوعات کی نمائش لگا رکھی تھی۔ صدر نے اس کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر جاپانی کمپنیوں کی طرف سے صدر کو علامتی تحائف بھی پیش کئے گئے۔ جاپان کے سفیر آکا ماٹسو شوچی نے تقریب گاہ میں پہنچنے پر صدر کا خیرمقدم کیا۔
اہم خبریں سے مزید