• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور قتل میں مطلوب اشتہاری سمیت 3 ملزمان گرفتار

کراچی( ثاقب صغیر )ایف آئی اے نے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور قتل میں مقدمہ میں مطلوب اشتہاری ملزم سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل اور کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر کے کروڑوں مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی۔گرفتار ملزمان میں سہیل اور سہروش شامل ہیں۔ملزمان کو ناظم آباد اور گارڈن ایسٹ سے گرفتار کیا گیا ۔حکام کے مطابق گرفتار ملزمان غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ہیں۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے 20050 امریکی ڈالر، 2000 ترکش لیرا، 1300 یو اے ای درہم، 2170 برطانوی پاونڈ ، 1000 یورو، 8001 قطری ریال، 13600 چائنیز یوآن، 7800 سعودی ریال ،81 بحرین دینار، 465 ملائیشین رنگٹ، 50 آسٹریلین دینار اور 59 لاکھ 33 ہزار سے زائد پاکستانی روپے بھی برآمد کیے گئے۔ملزمان سے موبائل فون اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج سے متعلق شواہد بھی برآمد کیے گئے ہیں۔حکام کے مطابق ملزمان بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج کا کاروبار کر رہے تھے۔ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے جبکہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔دوسری جانب ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری ملزم کو سعودی عرب سے گرفتار کر لیا۔ملزم محمد وقاص کو سعودی عرب سے گرفتار کر کے اسلام آباد ایئرپورٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔گرفتار ملزم گزشتہ 2 سال سے پنجاب پولیس کو مطلوب تھا۔ملزم کے خلاف سال 2024 میں قتل کی دفعات کے تحت تھانہ صدر ڈسکہ میں مقدمہ درج ہوا تھا۔ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے ملزم کی گرفتاری کے لئے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا۔ملزم کو بعد ازاں ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد نے پنجاب پولیس حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ملزم کی حوالگی انٹرپول اسلام آباد کی انٹرپول ریاض کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی۔
اہم خبریں سے مزید