کراچی ( سہیل افضل )سندھ کابینہ،اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ڈیجیٹل پراپرٹی رجسٹریشن کی منظوری، سیل ڈیڈ کی ایگزیکیوشن اب آن لائن ہو سکے گی،پراپرٹی رجسٹریشن ایکٹ 1908 میں ترمیم بھی منظور ، ٹریفک مقدمات کا تیز رفتار ٹرائل ممکن بنانے کے لئےصارف عدالتوں کو ٹریفک عدالتوں کا درجہ دینےکا فیصلہ، صوبائی ای اسٹیمپنگ نظام کو پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سے سندھ انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی منتقل کرنے کی بھی منظوری ،لاڑکانہ میں 4 ارب 80 کروڑ روپے لاگت سے فروٹ و سبزی منڈی قائم کرنے کی بھی منظوری ،تفصیلات کے مطابق منگل کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ڈیجیٹل پراپرٹی رجسٹریشن، صوبائی ای اسٹیمپنگ نظام کی مقامی سطح پر منتقلی، انفرااسٹرکچر سیس تنازع کے حل کے لئے فریم ورک، صارف عدالتوں کو ٹریفک عدالتوں کا درجہ دینے، کراچی بی آر ٹی ریڈ لائن کے لئے زمین کے استعمال میں تبدیلی، انڈس ڈیلٹا میں محفوظ جنگلات کے رقبے میں توسیع، پولیس حدود کی تنظیم نو، لاڑکانہ میں بڑی سبزی و فروٹ منڈی کے قیام اور خصوصی عدالتی تعیناتیوں کی توثیق کی منظوری دی گئی۔اوورسیز پاکستانیوں کے لئے ڈیجیٹل پراپرٹی رجسٹریشن پاکستانی تارکین وطن کو سہولت فراہم کرنے کے لئے بورڈ آف ریونیو نے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی ہدایت پر سندھ رجسٹریشن (ترمیمی) بل 2025 پیش کیا۔ مجوزہ ترمیم کے تحت سندھ میں پاکستانی سفارتی مشنز اور سفارت خانوں میں آن لائن سیل ڈیڈ کی تکمیل کو وسعت دی جائے گی۔ سندھ رجسٹریشن ایکٹ 1908 کی دفعہ 38 میں ترمیم کے ذریعے اوورسیز پاکستانیوں کو رجسٹریشن دفاتر میں ذاتی طور پر پیش ہونے سے استثنیٰ دیا جائے گا۔