کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ نیٹ بلنگ کا اثر نئے سولر صارفین پر پڑیگا۔ نیٹ میٹرنگ ختم کرنے کی مخالفت اتحادی بھی کر رہے ہیں میری اہلیہ بھی اس پالیسی کے خلاف ہیں۔ریکارڈ ویڈیو میسج میں تحریک انصاف کے سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ یہ اقدامات غیرآئینی و غیرقانونی ہیں۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں میزبان حامد میرسے گفتگو کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کے ابتدائیہ میں میزبان حامد میر نے کہا کہ حکومت نے سولر صارفین کے لئے نیٹ میٹرنگ کو ختم کر کے بلنگ کا نظام متعارف کردیا ہے اور اس پر حکومت کے اتحادی بھی تنقید کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا عزم کلین انرجی ہے جس کا سولر بھی ایک حصہ ہے اور ہم ان کی کابینہ کا حصہ ہیں اور ہم اسی پالیسی کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں ۔ پوری دنیا میں پاکستان کلین انرجی کے لیڈرز میں سے ہے اس بات کا کاپ کانفرنس میں اعتراف کیا گیا۔ آج پاکستان میں پچپن فیصد توانائی کلین ہے اور 2030 تک اَسی فیصد تک چلی جائے گی اور فرنس ختم ہوچکا ہے۔