کراچی (اسٹاف رپورٹر)اورنگی ٹاؤن میں دو روز قبل ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شدید زخمی 18 سالہ خذیفہ ولد محمد طارق جناح اسپتال میں دوراج علاج دم توڑگیا،رواں برس ڈکیتی کی واردات کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 12 ہو گئی ،تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن قصبہ کالونی ڈھائی نمبر کے قریب 11 فروری کو موبائل فون کی دکان پر ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پرڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق نوجوان قصبہ کالونی کا رہائشی تھا،پولیس نے بتایا کہ دو روز قبل موبائل فون کی دکان پر ڈکیتی کی واردات کے دوران نامعلوم مسلح ملزمان نے اسلحے کے زور پر دکان کے مالک فیضان اقبال اورشرجیل سے موبائل فون چھین لیے تھے، دکان پر موجود حذیفہ سے موبائل فون چھیننے کی کوشش کی تو نوجوان نے اپنا موبائل فون پھینک دیا جس پر مسلح ملزمان نے فائرنگ کردی ، حذیفہ سینے پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیا تھا ،پولیس نے بتایا کہ کہ واقعہ کے بعد مسلح ملزمان پیدل فرار ہو رہے تھے کہ علاقہ مکینوں نے دونوں ڈکیتوں کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔ ملزمان موسیٰ ولد مومن اور معراج ولد ابراہیم کے قبضے سے اسلحہ اور چھینے ہوئے موبائل فون برآمد کیے گئے تھے۔