اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) سپر ٹیکس ریفنڈز کے عوض ایڈجسٹ کیا جائے ، اپٹما کا مطالبہ، ٹیکس حکام اب بھی پورے سپر ٹیکس واجبات کی یکمشت ادائیگی پر اصرار کر رہے ہیں، ایف بی آر کو خط ۔ تفصیلات کے مطابق آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) نے ایک بار پھر فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹیکسٹائل برآمد کنندگان کو ان کے سپر ٹیکس کے واجبات، زیرِ التواء ٹیکس ریفنڈز کے عوض ایڈجسٹ کرنے کی اجازت دی جائے۔ ایف بی آر کے چیئرمین راشد محمود لنگڑیال کے نام 6 مارچ کو لکھے گئے ایک خط میں، اپٹما کے چیئرمین کامران ارشد نے کہا کہ اس معاملے پر پہلے بھی خط و کتابت ہو چکی، لیکن اس کے باوجود فیلڈ میں موجود ٹیکس حکام اب بھی پورے سپر ٹیکس واجبات کی یکمشت ادائیگی پر اصرار کر رہے ہیں۔ اپٹما نے واضح کیا کہ اگرچہ ٹیکسٹائل انڈسٹری انکم ٹیکس آرڈیننس کے سیکشن 4C کے تحت سپر ٹیکس کے نفاذ سے متعلق سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کا مکمل احترام کرتی ہے، لیکن ٹیکسٹائل ملز کی موجودہ مالی حالت اس بات کی اجازت نہیں دیتی کہ وہ تمام واجبات ایک ہی بار میں ادا کر سکیں۔