راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) یونین کونسل 31 محلہ محمود علی شاہ کے رہائشیوں نے پانی کی طویل بندش کے خلاف گزشتہ روز واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا) کے خلاف شدید احتجاج کیا اور واسا انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے "واسا والو پانی دو" اور "ایم ڈی واسا کو معطل کرو" کے نعرے لگاتے ہوئے فوری پانی کی فراہمی بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔اہلیان علاقہ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے سے پانی کی سپلائی مکمل طور پر معطل ہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ واسا کی جانب سے نصب کی جانے والی ناقص اور غیر معیاری موٹریں آئے روز خراب ہو جاتی ہیں جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات اور اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔