لاہور (آصف محمود بٹ) پنجاب انفارمیشن کمیشن نے ایک اہم فیصلے میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سنٹر (پی کے ایل آئی) کو شہری کی جانب سے طلب کردہ ٹینڈرز سے متعلق مکمل ریکارڈ فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہوئے کہا ہے کہ (پیپرا) میں معاملہ زیر التوا ہونے کو بنیاد بنا کر معلومات کی فراہمی سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ کمیشن نے واضح کیا کہ صوبے میں نافذ العمل شفافیت کے قانون کے تحت شہریوں کو معلومات تک رسائی بنیادی حق حاصل ہے اور اسے مبہم اعتراضات کی بنیاد پر محدود نہیں کیا جا سکتا۔“جنگ” کو ملنے والے دستاویزات کے مطابق یہ فیصلہ چیف انفارمیشن کمشنر محمد مالک بھلہ اور انفارمیشن کمشنر بشریٰ ثاقب نے جاری کیا ہے۔ سماعت کے موقع پر شکایت کنندہ ظفر سردار ذاتی حیثیت میں پیش ہوئے جبکہ جواب دہندہ ادارے کی جانب سے لاء آفیسر احسن عارف پیش ہوئے۔