کراچی(آئی این پی)سانحہ گل پلازہ ،جاں بحق افراد کے لواحقین کے جوڈیشل کمیشن میں بیانات ریکارڈ، خواہش ہے تمام متاثرہ خاندان بیانات ریکارڈ کرائیں، لواحقین کیلئے سوالنامہ تیار کیا ہے، ان کی معاونت چاہئے،جسٹس آغا فیصل۔ تفصیلات کے مطابق سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین نے جوڈیشل کمیشن کے روبرو بیانات ریکارڈ کرادیئے۔ سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات کے سلسلے میں قائم جوڈیشل کمیشن کے سربراہ جسٹس آغا فیصل ڈپٹی کمشنر ساؤتھ آفس پہنچے، جہاں جاں بحق افراد کے اہل خانہ نے کمیشن کے روبرو اپنے بیانات ریکارڈ کرا دیئے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جنوبی اور متاثرین کے اہل خانہ بھی موجود تھے، جسٹس آغا فیصل نے سانحے میں جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب شہدا کے لواحقین ہیں، ہم چاہتے تھے کہ کارروائی کا آغاز آپ سے کیا جائے۔ ٹریبونل کا مقصد مستقبل میں ایسے واقعات اور جانی نقصان کی روک تھام ہے۔ مالی نقصان کا ازالہ ممکن ہے، مگر جانی نقصان کا ازالہ نہیں ہو سکتا۔جوڈیشل کمیشن کے سربراہ نے بتایا کہ لواحقین کے لئے ایک سوالنامہ تیار کیا گیا ہے اور کمیشن ان کی معاونت چاہتا ہے۔ بہت سے لواحقین ابھی موجود نہیں، خواہش ہے کہ تمام متاثرہ خاندان اپنے بیانات ریکارڈ کرائیں۔جسٹس آغا فیصل نے مزید کہا کہ کمیشن عوام اور حکومت دونوں سے معلومات طلب کر رہا ہے اور ریسکیو ورکرز تک بھی رسائی چاہتا ہے تاکہ تمام دستیاب معلومات کی بنیاد پر جامع رپورٹ تیار کی جا سکے۔