اسلام آباد ( نیوز رپورٹر)وزیراعظم شہباز شریف اور آسٹریا کے چانسلر کرسچیئن سٹاکر نے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، صحت اور ا نسانی وسائل کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے حکومتی و کاروباری شعبوں کی سطح پر موجودہ پلیٹ فارم کو وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔ وفود کی سطح پر مذاکرات میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئیے ہم مل کر غیرقانونی نقل مکانی کا مقابلہ کریں، پاکستان کاروبار کیلئے کھلا اور آسٹریا کے ساتھ شراکت داری کے نئے مرحلے کیلئے تیار ہے، انہوں نے آسٹریا کے چانسلر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی،وزیر اعظم شہباز شریف اور آسٹریا کے چانسلر کرسچئین سٹاکر کی مشترکہ صدارت میں اجلاس بھی ہو ا ،پاکستان آسٹریا بزنس فورم سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک میں تعاون اور دوطرفہ تجارت کا حجم بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں،آسٹریا کے سرمایہ کار پاکستان آئیں، حکومت ان کی میزبانی کرے گی ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ویانا میں تاریخی ہوفبرگ پیلس میں وفاقی چانسلری میں جمہوریہ آسٹریا کے وفاقی چانسلر کرسچیئن سٹاکر سے ملاقات کی،وفاقی چانسلری پہنچنے پر وزیراعظم کا چانسلر سٹاکر نے استقبال کیا، انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، وزیراعظم نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے،دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور دوستانہ تعلقات کا ذکر کیا ،ملاقات میں علاقائی اور عالمی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور امن و سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے، تنازعات کے پرامن حل، پائیدار ترقی، ماحولیاتی اقدامات اور انسانی حقوق کے تحفظ و فروغ کے ضمن میں اقوامِ متحدہ کے مرکزی کردار پر اتفاق کیا گیا۔