وہاڑی(نمائندہ جنگ) صدر پاکستان آصف علی زرداری دو روزہ نجی دورے پر نواب شہزاد علی خان اور نواب شہریار علی خان کی رہائش گاہ شفقت پیلس پہنچے جہاں کارکنان، تاجروں اور وکلاء کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی استحکام کیلئے ن لیگ سے تعاون کیا،ادھر ہم ادھر تم کا نعرہ محض اخباری سرخی تھا،بھٹو نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، سیاست ہر شخص کے بس کا کام نہیں،طویل اسیری برداشت کی ،کبھی گھبرایا نہ بیماری سے پریشان ہوا،جیل غیرت سے کاٹی جاتی ہے، انہوں نے طویل اسیری برداشت کی مگر کبھی گھبرائے نہ بیماری پر پریشان ہوئے لوگ رونے لگ جاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ایک کھلاڑی صرف کھیل کے میدان میں اپنا بہترین کھیل پیش کر سکتا ہے، سیاست ہر شخص کے بس کا کام نہیں ہے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا واضح مؤقف ہے کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور اسے کبھی بھارت کا حصہ نہیں بننے دیا جائے گا، ہم نے ہمیشہ پاکستان کے مفاد کو مقدم رکھا، ذاتی سیاست کو ترجیح نہیں دی، ملکی استحکام کیلئے ن لیگ سے تعاون کیا اور ماضی میں خیبرپختونخوا میں اے این پی کا ساتھ دیا، ان کے ہمراہ سردار سلیم حیدر، ندیم افضل چن، ڈاکٹر عاصم حسین، عبدالقادر گیلانی اور نسیم احسن خان خاکوانی سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے، صدر نے کہا کہ زراعت ہی پاکستان کی ترقی کا واحد حل ہے، کسانوں کو ریلیف دینا ہوگا، پانی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا کہ مستقبل میں پانی پر جنگیں ہوسکتی ہیں، بھارت نے ٹریلر دکھایا ہے اس لئے آبی وسائل کے درست استعمال کی حکمت عملی اپنانا ہوگی۔