بھارتی شہر بھوپال میں ایک 45 سالہ خاتون کو بے دردی سے قتل کرنے کے بعد ملزم نے ٹرین کے آگے کود کر خودکشی کر لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم پریتم کشواہا نے مقتولہ درگا بائی کشواہا کے سینے میں 9، پیٹ میں 3 اور گردن پر ایک وار کیا اور واردات کے چند گھنٹوں بعد چلتی ٹرین کے سامنے کود کر خودکشی کر لی۔
درگا بائی نے پریتم کو اپنا ’گرو بھائی‘ بنایا ہوا تھا، پریتم تقریباً 1 سال سے درگا بائی کے گھر رہ رہا تھا اور اس سے قبل جیل سے رہا ہوا تھا جہاں اس نے اپنے 3 بچوں کے قتل کے جرم میں 15 سال قید کاٹی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق درگا بائی کے اہلِ خانہ کئی ماہ سے پریتم پر گھر خالی کرنے کا دباؤ ڈال رہے تھے جس پر آئے دن جھگڑے ہوتے تھے۔
پیر کے روز جب درگا بائی کا شوہر اور بیٹا گھر پر موجود نہیں تھا تو پریتم درگا بائی کو ایک زیرِ تعمیر مکان کی صفائی کے بہانے لے گیا اور کمرے میں تیز دھار ہتھیار سے اس پر حملہ کر دیا۔
مقتولہ درگا بائی کی بہو کے مطابق سارا گھر پریتم کشواہا کو بار بار گھر خالی کرنے کو کہہ رہا تھا مگر وہ نہیں مان رہا تھا، جھگڑوں کے دوران وہ کھانا چھوڑ دیتا اور خودکشی کی دھمکیاں دیتا تھا۔