• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان رہائی فورس قائم کررہے ہیں، وزیر اعلیٰ KP

اسلام آباد/پشاور(این این آئی)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے اعلان کیا کہ اسٹریٹ موومنٹ کی تیاری کے لیے ’’عمران خان رہائی فورس‘‘ قائم کی جا رہی ہے جس کے تحت ملک بھر میں نوجوانوں کی ممبرشپ کی جائے گی‘ عید کے بعد پشاور میں نوجوانوں سے باضابطہ حلف لیا جائے گا۔اس تحریک کے لیے ایک مضبوط چین آف کمانڈ تشکیل دی جائے گی ‘عدالتی احکامات کی مسلسل خلاف ورزی کے بعد اب ایک منظم اور پرامن عوامی جدوجہد ناگزیر ہو چکی ہے‘ پہلے تیاری کریں گے پھر لڑائی کریں گے‘ انشاء اللّٰہ اس میں جیت حق اور سچ کی ہوگی۔بانی پی ٹی آئی عمران خان کے کیس کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے سہیل آفریدی کاکہناتھاکہ عمران خان رہائی فورس میں آئی ایس ایف‘ انصاف یوتھ ونگ‘ویمن ونگ‘اقلیتی ونگ‘پروفیشنلز اور ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو شامل کیا جائے گا‘رہائی فورس مکمل طور پر پرامن جدوجہد کرے گی اوررہائی کے بعد اس فورس کو خود عمران خان تحلیل کریں گے۔ ممبرشپ کارڈز چار سے پانچ دن میں تیار ہو جائیں گے‘ہر ہدایت عمران خان کی نامزد قیادت کے ذریعے موصول ہوگی‘انہوں نےکہا کہ احتجاج اور مذاکرات کی ذمہ داری عمران خان نے علامہ راجہ ناصر عباس اور محمود خان اچکزئی کو سونپی ہے اور یہ ان کا فیصلہ تھا کہ پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا دیا جائے، جس پر تمام قیادت نے لبیک کہا‘مجھے عمران خان کی جانب سے اسٹریٹ موومنٹ کی تیاری کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ پورے پاکستان میں تیاری جاری ہے اور لوگ متحرک ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئینی، قانونی اور جمہوری تمام راستے اختیار کرنے کے باوجود عدالتی احکامات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے اور عمران خان کو ان کے ذاتی معالج تک رسائی نہیں دی جا رہی۔

اہم خبریں سے مزید