• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرحان کی سنچری، عثمان کے 4 شکار، پاکستان سپر ایٹ میں، ورلڈ کپ میں سب سے بڑی فتح

کراچی (عبدالماجدبھٹی) اوپنر صاحبزادہ فرحان نے پراعتماد سنچری بناکر پاکستان کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے آخری گروپ میچ میں نمیبیا کے خلاف102رنز کے بھاری مارجن سے فتح دلادی۔ انھوں نے 58 گیندوں پر 11 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 100 ناقابل شکست رنز بنائے اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ اس شاندار جیت کے ساتھ پاکستان نے سپر ایٹ مرحلے میں بھی جگہ بنالی۔ بدھ کو کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب میں پاکستان نےتین وکٹ پر199رنز بنائے اور نمیبیا کی ٹیم 17.3اوورز میں صرف 97رنز پر آئوٹ ہوگئی ۔ نمیبیا کے 8 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکے۔ صاحبزادہ فرحان اور عثمان طارق نے ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل کیریئر میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ مقابلوں میں پاکستان کی رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی فتح حاصل کی پاکستان نے پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 100 رنز سے زائد ہدف سے کامیابی اپنے نام کی ۔ اس سے قبل آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی رنز سے سب سے بڑی فتح2009کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں نیدرلینڈز کے خلاف 82 رنز سے تھی۔ صاحبزادہ فرحان ٹی 20 ورلڈ کپ میں سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بن گئے اس سے قبل احمد شہزاد نے 2016 ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کے خلاف میر پور میں 111 رنز بنائے تھے۔ پاکستان نے ورلڈ کپ کے گروپ میچوں میں نیدر لینڈز، امریکا اور نمیبیا کو شکست دی جبکہ بھارت کے ہاتھوں 61رنز سے شکست ہوئی۔ نمیبیا کو چاروں میچوں میں شکست ہوئی۔ پاکستانی کپتان سلمان آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور بتایا کہ بھارت کے خلاف پلیئنگ الیون کے برعکس شاہین آفریدی اور ابرار احمد کو ڈراپ کیا گیا ہے۔ سلمان مرزا اور خواجہ نافع کو ٹیم میں جبکہ ملی اور9 بیٹسمینوں کو کھلایا گیا۔ بابر اعظم کو بیٹنگ نہ مل سکی۔ اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے کیا۔ لیکن 40 رنز پر صائم ایوب 14 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ کپتان سلمان علی آغا 23 گیندوں پر 38 اور خواجہ نافع نے 5 رنز اسکور کیے۔ شاداب خان نے 36 رنز 22گیندوں پر تین چھکے اور ایک چوکا لگا کرسمیٹے ۔ نمیبیا کے جیک بریسل نے 2 جبکہ گرہارڈ ارسمس نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستانی اسپنرز کے سامنے نمیبیا کی بیٹنگ مکمل ناکام رہی۔ عثمان طارق نے16رنز دے کر چار، شاداب خان نے19رنز دے کر دو ،محمد نواز اور سلمان مرزا نے ایک ایک وکٹ لی۔ 200 رنز کےہدف کےتعاقب میں ناکام ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور 18 ویں اوور میں 97 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ لورین اسٹین کیمپ 23 رنز بناسکے، الیگزینڈر 20 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔