• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ کپ: بھارت نے نیدر لینڈز کو ہرا دیا، مسلسل چوتھی فتح

کراچی(اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت نے نیدر لینڈز کو17 رنز سے شکست دے کر مسلسل چوتھا گروپ میچ جیت لیا۔ احمد آباد میں بھارت نے چھ وکٹ پر193رنز بنائے۔ شیوم دوبے 66، سوریا کمار 34،تلک ورما 31اور ہاردک پانڈیا نے30رنز بنائے جواب میں نیدر لینڈز کی ٹیم مزاحمت نہ کرسکی اور سات وکٹ176 رنز تک محدود رہی۔ باس ڈی لیڈے نے33رنز بنائے۔ وورن چکرورتی نے تین اور دوبے نے دو وکٹ حاصل کئے۔ نیدر لینڈز نے چار میچ کھیلے ایک جیتا اور تین میں اسے شکست ہوئی۔ قبل ازیں جنوبی افریقا نے متحدہ عرب امارات کو 6 وکٹوں سے زیر کیا ۔ جنوبی افریقا چار میچ جیت کر ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست ہے جبکہ امارات نے چار میں سے تین میچوں میں شکست ہوئی ہے اس کا سفر ختم ہوا ۔ کاربن بوش نے12رنز دے کر تین وکٹ لئے اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ نئی دہلی میں پروٹیز نے 123 رنز کا ہدف 4 وکٹوں پر حاصل کر لیا۔ متحدہ عرب امارات کی جانب سے علی شان شرفو 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ جنوبی افریقا کے اینریخ نورکیا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ واضح رہے کہ گروپ ڈی سے جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں پہلے ہی سپر ایٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کر چکی ہیں۔ یو اے ای، افغانستان اور کینیڈا کی ٹیمیں باہر ہوگئیں۔