پشاور (جنگ نیوز) جذبہ خدمت سے سرشار پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے رمضان کے با برکت مہینے میں صارفین کی سہولت اور آسانی کیلئے سحر ، افطار اور تراویح کے اوقات میں پیسکو ریجن میںبجلی کی بلاتعطل فراہمی کا فیصلہ کیا ہے ، چیف ایگزیکٹو آفیسر پیسکو انجینئر اختر حمید خان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں اور فیلڈ افسران کو خصوصاً سحروافطار کے اوقات میں ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دیں ہیں، وفاقی وزیر توانائی (پاور ڈویژن ) سردار اویس احمد خان لغاری کی ہدایت پر پیسکو ہیڈ آفس میں خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جو 24گھنٹے آپریشنل رہے گا اور اس کنٹرول روم میں سحر ،افطار اورتراویح کے اوقات میں بجلی کی ترسیل مانیٹر کرنے کیلئے مختلف افسران کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں، کنٹرول روم کا مقصد سحر ، افطار اور تراویح کے اوقات میںبجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانا اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر بجلی کی بحالی کو یقینی بنانا ہے۔