پشاور (جنگ نیوز) ریسکیو 1122خیبر پختونخوا ماہ رمضان المبارک کے دوران بھی شب و روز اپنی خدمات جاری رکھے گی۔ بلال احمد فیضی ترجمان ریسکیو 1122بلال احمد فیضی ترجمان ریسکیو1122 نے رمضان المبارک کی آمد کے حوالے سےبیان میں کہا ہے کہ ریسکیو1122 صوبے بھر میں تین شفٹوں کے تحت چوبیس گھنٹے ایمرجنسی سروسز فراہم کی جائیں گی۔ سحری اور افطاری کے اوقات میں بھی ایمبولینس، فائر اور ریسکیو ٹیمیں مکمل طور پر الرٹ رہیں گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔ بلال احمد فیضی نے کہا کہ رمضان المبارک میں ریسکیو 1122کی ذمہ داریاں مزید بڑھ جاتی ہیں۔ سحر و افطار کے دوران مختلف نوعیت کی ایمرجنسیز سامنے آتی ہیں، اسی لیے تمام اضلاع میں ریسکیو اہلکار ہمہ وقت ڈیوٹی پر موجود رہتے ہیں۔ ترجمان کے مطابق ریسکیو اہلکار اس مقدس مہینے میں بھی اپنے گھروں اور اہل خانہ سے دور رہ کر عوام کی خدمت سرانجام دیتے ہیں۔ ریسکیو اسٹیشنز میں سحری اور افطاری کا باقاعدہ انتظام کیا جاتا ہے تاکہ اہلکار اپنی ذمہ داریاں بہتر انداز میں ادا کر سکیں۔بلال احمد فیضی نے مزید کہا کہ ریسکیو1122 اپنے فرائض کو عبادت سمجھ کر انجام دیتی ہے اور عوام کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔