پشاور (خصوصی نامہ نگار) محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن ونارکوٹکس کنٹرول خیبر پختونخوا نے پشاور میں منشیات کے خلاف کارروائی میں بھاری مقدار میں چرس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی میں تھانہ ایکسائز پشاور ریجن کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر رنگ روڈ پشتخرہ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم سے 12ہزار گرام چرس برآمد کی اور ان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ محکمہ ایکسائز کے مطابق کارروائی ای ٹی او نارکوٹکس کنٹرول ماجد خان اور سرکل آفیسر سیف اللہ خان کی زیرِ نگرانی ایس ایچ او تھانہ ایکسائز پشاور ریجن عماد خان کی سربراہی میں کی گئی جس میں انسپکٹرز شیر شاہ خان، ضیاء الرحمٰن اور سب انسپکٹر علی منور خان نے دیگر نفری کیساتھ حصہ لیا۔ کارروائی کے دوران موٹر سائیکل سوار ملزم محمد شاہد ولد عطاء محمد سکنہ بہاولپور کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا جس کے قبضے سے 12 ہزار گرام چرس برآمد ہوئی۔ ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لئے تھانہ ایکسائز پشاور ریجن منتقل کر کے باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ محکمہ کے مطابق صوبائی حکومت کی منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں اس سلسلے میں مزید مؤثر اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں۔