پشاور(جنگ نیوز)زرعی یونیورسٹی پشاور میں فیکلٹی آف مالیکیولر اینڈ بائیولوجیکل سائنسز کے قیام کی سنگِ بنیاد کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ وائس چانسلر پروفیسر ایمرئٹس ڈاکٹر جہان بخت نے یادگاری تختی کی نقاب کشائی کرکے باقاعدہ افتتاح کردیا۔فیکلٹی انسٹیٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ اور انسٹیٹیوٹ آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز اینڈ اِمرجِنگ ٹیکنالوجی پر مشتمل ہوگی۔اس موقع پر ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر اسد جان، پروفیسر ڈاکٹر اقبال منیر، رجسٹرار ڈاکٹر رضوان احمد، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف کمپیوٹر سائنسز اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر ارشد خان، چیف پراکٹر ڈاکٹر بشیر احمد سمیت فیکلٹی ممبران، انتظامی آفسران اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ایمرئٹس ڈاکٹر جہان بخت نے کہا کہ فیکلٹی آف مالیکیولر اینڈ بائیولوجیکل سائنسز کا قیام زرعی یونیورسٹی پشاور کی تعلیمی و تحقیقی ترقی میں ایک اہم سنگِ میل ہے، جس سے جدید حیاتیاتی علوم، جینیاتی انجینئرنگ اور بائیوٹیکنالوجی کے شعبوں میں تحقیق و تدریس کو مزید فروغ ملے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ اس نئی فیکلٹی کے قیام سے قومی و بین الاقوامی سطح پر تحقیقی تعاؤن کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور طلباء کو جدید سائنسی تقاضوں سے ہم آہنگ معیاری تعلیم فراہم کی جا سکے گی۔ وائس چانسلر نے متعلقہ اساتذہ اور انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ فیکلٹی مستقبل میں زرعی و حیاتیاتی سائنسز کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دے گی۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اجتماعی دعا کرکے نئی فیکلٹی کے قیام کو یونیورسٹی کے لئے خوش آئند پیش رفت قرار دیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اس ادارے کو تحقیق و تعلیم کے اعلیٰ معیار تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔