کراچی (نیوز ڈیسک) رمضان المبارک کے آغاز کیساتھ ہی مہنگائی کا طوفان دیکھنے میں آرہا ہے، اشیا خورد ونوش ،پھولوں اور سبزوں کی قیمت اضافہ ہوگیا ہے، دکانداروں اور سبزی و پھل فروشوں نے سرکاری ریٹ نظر انداز کرتے ہوئے قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کردیا ہے جبکہ انتظامیہ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے موثر کارروائی کرنے میں ناکام نظر آرہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے رمضان المبارک کے لیے اشیائے ضروریہ کی سرکاری قیمتیں مقرر کر دی گئی ہیں، تاہم بازاروں میں پہلے ہی روزمرہ استعمال کی اشیا مہنگی ہو چکی ہیں،شہری انتظامیہ نے نرخ نامے تو جاری کر دیے ہیں لیکن مہنگائی پر قابو پانے کے لیے کوئی مؤثر کارروائی دکھائی نہیں دے رہی۔رپورٹس کے مطابق زیادہ تر دکاندار، خصوصاً پھل فروش، سرکاری قیمتوں کو ’غیر حقیقت پسندانہ‘ قرار دے کر نظر انداز کر دیتے ہیں، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ قیمتوں کا تعین چیئرمین کراچی ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن، سبزی و فروٹ فروش نمائندگان، کنزیومر رائٹس پروٹیکشن کونسل کے چیئرمین ، ڈپٹی کمشنرز، بیورو آف سپلائی اور محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔