کراچی(آئی این پی) کے ایم سی کی فائر بریگیڈ کاغلط استعمال،ویڈیو وائرل، فائر ٹینڈرز کے ذریعے آگ بجھانے کی بجائے پودوں کو پانی دینے کا انکشاف، فائر بریگیڈ کو باغبانی پر مامور دیکھ کر انتظامیہ کی ترجیحات پر سوالات اٹھ گئے۔ تفصیلات کے مطابق کے ایم سی کے فائر بریگیڈ کے غلط استعمال کا انکشاف ہوا ہے، شہری نے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کردی۔کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کی جانب سے ایمرجنسی سروسز کے غلط استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔ فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو آگ بجھانے جیسی ہنگامی صورتحال کی بجائے سڑک کنارے پودوں کو پانی دینے کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے۔گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک شہری کی جانب سے وائرل کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جس وقت سائٹ ایریا کی ایک کیمیکل فیکٹری میں خوفناک آگ لگی ہوئی تھی، عین اسی وقت بلوچ کالونی کے قریب نئی فائر بریگیڈ گاڑی سڑک پر موجود پودوں کو پانی دے رہی تھی۔شہریوں نے انکشاف کیا ہے کہ پیک ٹائم میں ایمرجنسی سروسز کا عملہ قیوم آباد سے بلوچ کالونی تک پودوں کی آبیاری میں مصروف تھا، جبکہ شہر میں دوسری جگہ لگی آگ بجھانے کے لئے فائر ٹینڈرز کی ضرورت تھی۔فائر بریگیڈ کو ہنگامی خدمات کی بجائے باغبانی کے کاموں پر مامور دیکھ کر شہریوں نے انتظامیہ کی ترجیحات پر سنگین سوالات اٹھا دیئے ہیں۔