ڈھاکہ (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پائیدار استحکام ہی ترقی، سرمایہ کاری اور کاروباری اعتماد کی اصل بنیاد ہے۔بدھ کو ڈھاکہ ایوان تجارت و صنعت کے ساتھ ایک نہایت بامعنی اور دور رس اہمیت کی حامل نشست منعقد ہوئی جس میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان معاشی تعاون کو مضبوط، فعال اور نتیجہ خیز شراکت داری میں ڈھالنے کے لیے سنجیدہ اور جامع تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بنگلہ دیش کی جمہوری کامیابی پر دلی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور اس حقیقت پر زور دیا کہ پائیدار استحکام ہی ترقی، سرمایہ کاری اور کاروباری اعتماد کی اصل بنیاد ہے۔