کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)بی آر ایس پی کے زیرِ اہتمام رائز پروگرام کی افتتاحی تقریب گوادر یونیورسٹی میں منعقد ہوئی، تقریب میں گوادر اور کیچ کی ٹیموں کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معززین نے شرکت کی تقریب کے مہمانِ خصوصی رکنِ صوبائی اسمبلی ہدایت الرحمان تھے، جنہوں نے اپنے خطاب میں بی آر ایس پی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ رائز پروگرام مقامی آبادی کی سماجی و معاشی ترقی، بااختیاری اور پائیدار استحکام کے لیے اہم کردار ادا کرئے گاانہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ایسے ترقیاتی منصوبوں کی سرپرستی اور تعاون ہر سطح پر جاری رکھا جائے گا۔جامعہ گوادر کے وائس چانسلر عبدالرزاق صابر نے اپنے خطاب میں تعلیمی اداروں اور ترقیاتی تنظیموں کے باہمی اشتراک کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں اور کمیونٹی کی استعداد کار میں اضافہ ہی پائیدار ترقی کی بنیاد ہے۔ انہوں نے رائز پروگرام کو خطے کے لیے خوش آئند پیش رفت قرار دیا۔ پروجیکٹ کوآرڈینیٹر التاز سخی نے پروگرام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی بی آر ایس پی کی سینئر ٹیم کے رکن قاہر خان نے منصوبے کے خدوخال، اہداف اور متوقع نتائج پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ رحیم ساسولی نے خطاب کرتے ہوئے شفافیت، ٹیم ورک اور مؤثر عملدرآمد کی اہمیت پر زور دیا۔