کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان بار کونسل کے رکن منیر احمد خان کاکڑ نے مردان بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر نور بادشاہ ایڈووکیٹ کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے قانون اور انصاف پر براہِ راست حملہ قرار دیا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہاہےکہ ایک سینئر وکیل کا اس طرح بے دردی سے قتل ہونا نہایت افسوسناک اور قابلِ تشویش ہے۔ یہ واقعہ نہ صرف وکلاء برادری بلکہ پورے عدالتی نظام کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے۔ وکلاء ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کیلئے کردار ادا کرتے ہیں اور ان پر حملے کسی صورت قابلِ برداشت نہیں۔منیر احمد خان کاکڑ نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف اور فوری تحقیقات کی جائیں اور ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرکے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ وکلاء برادری میں پائے جانے والے عدم تحفظ کے احساس کا خاتمہ ہو سکے۔انہوں نے مرحوم نور بادشاہ ایڈووکیٹ کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔