کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی نے کہا ہے کہ طالبات کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے بلوچستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں اگر کھلاڑیوں کو مناسب مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ نہ صرف ملک بلکہ بیرون ملک بھی پاکستان کا نام روشن کرسکتے ہیں ۔ یہ بات انہوں نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج سیٹلائٹ ٹاون میں فٹسال گراونڈ کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ کھیل طلبا و طالبات میں خود اعتمادی ، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کے جذبے کو فروغ دیتے ہیں ، فٹسال گراؤنڈ کے قیام سے کالج کی طالبات کی دیرینہ خواہش پوری ہوگئی ، اب طالبات تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرسکیں گی انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت طلباء و طالبات اور کھلاڑیوں کو کھیلوں کے مواقع فراہم کرنے کیلئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے اور بلوچستان میں ملکی سطح کے ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں کھلاڑیوں کو اپنا ٹیلنٹ دکھانے کا موقع ملا اس موقع پر طالبات اور اساتذہ نے فٹسال گراونڈ کے قیام کو سراہتے ہوئے میر لیاقت لہڑی کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسے مثبت اقدامات جاری رہیں گے۔