کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جعلی مشروبات کے خلاف رروائیاں بھاری مقدار میں مشہور برانڈ ز کی بوتلیں برآمد کرلیں۔ ترجمان بی ایف اے کے مطابق بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے گزشتہ روز بڑیچ مارکیٹ، سیٹلائٹ ٹاؤن اور اولڈ فروٹ مارکیٹ میں خفیہ اطلاع پر کارروائیاں کیں جہاں ایک منظم نیٹ ورک بے نقاب ہوا اور سپلائی چین کا سراغ بھی لگا لیا گیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق جعلی اسٹاک پشاور سے بلٹی سسٹم کے ذریعے کوئٹہ منتقل کیا جا رہا تھا۔ حکام نے انکشاف کیا ہے کہ معروف کمپنیوں کے نام پر تیار کی گئی یہ جعلی مشروبات کوئٹہ شہر سمیت مختلف علاقوں میں سپلائی کی جانی تھیں۔ ترجمان بی ایف اے کے مطابق جعلی مشروبات کی سپلائی کے مرکزی ذرائع تک رسائی کے لیے تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے اور ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔علاوہ ازیں کوئٹہ شہر اور دیگر اضلاع میں فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر 26 خوراک و پروڈکشن یونٹس پر جرمانے بھی عائد کیے گئے۔ حکام کے مطابق ناقص صفائی، غیر معیاری اجزاء کے استعمال اور لیبلنگ کی خلاف ورزیوں پر سخت ایکشن لیا گیا۔