• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماہ صیام کے بابرکت لمحات کو ذکر و اذکارکے ذریعے قیمتی بنایا جائے،جمعیت

کوئٹہ (این این آئی)جمعیت علماء اسلام کے صوبائی نائب امیر و امیر ضلع کوئٹہ شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، سرپرستِ اعلیٰ مفتی محمد روزی خان، حاجی بشیراحمد کاکڑ، مولانا حفیظ اللہ، مولانا محمد سلیمان، حافظ دوست محمد مدنی، مولانا عبدالبصیر، حافظ رشیداحمد، حاجی محمد شاہ لالا، مفتی نیک محمد، حاجی نعمت اللہ اچکزئی اور دیگر رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاہے کہ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ لہو و لعب اور فضول مشاغل سے اجتناب کرتے ہوئے تقویٰ اور عملِ صالح کی راہ اختیار کریں۔ رمضان کے بابرکت روزوں کے قیمتی لمحات کھیل تماشے کی نذر نہ کریں، بلکہ انہیں عبادت، تلاوت اور اصلاحِ نفس میں لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ ماہِ صیام کی بابرکت راتیں اللہ تعالیٰ کی خاص رحمتوں کا مظہر ہیں جنہیں عبادت، ذکر و اذکار اور تلاوتِ قرآن کے ذریعے قیمتی بنایا جائے۔ نوجوانوں سمیت تمام مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ صوم و صلوٰۃ بالخصوص نمازِ تراویح کی پابندی کریں اور اپنے اعمال کے ذریعے رمضان المبارک کے تقدس کو برقرار رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ تقویٰ اور قرآنِ کریم سے گہری نسبت رکھتا ہے۔ یہ مہینہ نفس کی تربیت، گناہوں سے سچی توبہ اور رحمتِ الٰہی کے حصول کا بہترین موقع ہے، جس سے بھرپور فائدہ اٹھانا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔ بیان میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ رمضان آرڈیننس پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو ایک پرامن، باوقار اور دینی ماحول میسر آسکے اور ماہِ رمضان کے تقدس کو ہر سطح پر قائم رکھا جا سکے۔
کوئٹہ سے مزید