• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعات کی عالمی درجہ بندی، HEC نے 16 رکنی قومی کمیٹی قائم کردی

کراچی (سید محمد عسکری ) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے چیرمین ڈاکٹر نیاز احمد نے پاکستانی جامعات اور اسناد تقویض کرنے والے اداروں کی عالمی سطح پر درجہ بندی بہتر بنانے کے لیے بین الاقوامی درجہ بندی سے متعلق 16رکنی قومی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی عالمی درجہ بندی کے نظام ، خصوصاً ٹائمز ہائر ایجوکیشن اور کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی درجہ بندی میں مؤثر شرکت اور کارکردگی میں بہتری کے لیے سفارشات مرتب کرے گی۔اس حوالے سے ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر نیاز احمد اختر کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عالمی درجہ بندی میں شرکت نہ صرف شفافیت اور تعلیمی معیار کے تقابلی جائزے کا ذریعہ ہے بلکہ اس سے پاکستانی جامعات کی بین الاقوامی ساکھ، تحقیقی اثر پذیری اور طلبہ کے نتائج میں بھی بہتری آتی ہے۔ مراسلے میں ان جامعات کو بھی شرکت کی ترغیب دی گئی ہے جو اب تک عالمی درجہ بندی کے دائرے میں شامل نہیں ہوئیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق انسٹی ٹیوٹ آف کوالٹی اینڈ ٹیکنالوجی مینجمنٹ، جامعہ پنجاب (قائداعظم کیمپس)، لاہور کے ڈاکٹر محمد عثمان اعوان کو کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے جب کہ ایچ ای سی کے انچارج ہائر ایجوکیشن ڈیٹا ریپوزٹری ڈاکٹر بشیر خان سکریٹری ہوں گے۔ اراکین میں سندھ ایگریکلچر یونیورسٹی، ٹنڈوجام کے چیئرمین، شعبۂ زرعی معاشیات، ڈاکٹر حبیب اللہ مگسی، غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ کے ڈین ڈاکٹر سمیر فاروق، جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل ڈاکٹر محمد عبدالوحید عثمانی، انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن، کراچی کے چیف لائبریرین محمد انور، یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی، لاہور کے وائس ریکٹر ڈاکٹر اجمل چیمہ، مہران یونیورسٹی جامشورو کے انسٹی ٹیوٹ آف سائنس ڈائریکٹر ڈاکٹر آصف علی شاہ، خیبر میڈیکل یونیورسٹی، پشاور، ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل ڈاکٹر سیدہ آسیہ بخاری، یونیورسٹی آف بلوچستان کے ڈائریکٹر کوالٹی ایشورنس ڈاکٹر آصف ساجد، یونیورسٹی آف لاہور کے ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل سید فیضان حیدر، نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، اسلام آباد کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، نیکوڈ ٹیکنالوجیز ڈاکٹر میثم عباس نقوی، کامسیٹس یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر شاہد خٹک، قائداعظم یونیورسٹی کے چیئرمین شعبۂ خرد حیاتیات ڈاکٹر محمد اسحاق علی، ڈائریکٹر جنرل، پاکستان ااسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی ڈاکٹر سیدہ ضیا بتول اور ایچ سی سی کے ڈائریکٹر جنرل کوالٹی ایشورنس ناصر شاہ شامل ہیں۔ کمیٹی کے ٹرمز آف ریفرنس میں پاکستانی جامعات کی موجودہ عالمی درجہ بندی کا جامع تجزیہ، درجہ بندی میں نمایاں بہتری کے لیے اااسٹریٹجک منصوبہ بندی، اور جامعات کے متعلقہ افسران کے لیے تربیتی پروگرام کی تشکیل شامل ہے۔
اہم خبریں سے مزید