• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنوں، خوارج کا سیکورٹی فورسز پر حملہ، لیفٹیننٹ کرنل اور سپاہی شہید، 5 دہشت گرد ہلاک، پوری قوم افواج کیساتھ کھڑی ہے، وزیراعظم

اسلام آباد، ڈیرہ اسماعیل خان، ہنگو (اے پی پی،اسراراحمد اورکزئی/ طاہرخلیل) خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکورٹی فورسز نےا پنے قافلے پر خوارج کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے 5دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ۔لیڈنگ گروپ نے گاڑی میں سوار ایک خودکش بمبار کو روک کر شہریوں اورقانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو بڑے نقصان سے بچا لیا ،ناکامی پر خوارج نے بارود سے بھری گاڑی کو سکیورٹی فورسز کی ایک گاڑی سے ٹکرا دیا، جس سے لیفٹیننٹ کرنل اور سپاہی شہید ہوگئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی جانب سے سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ صدر آصف علی زرداری، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ نےبھی سکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ماہِ رمضان کے تقدس کو پامال کرنے والے دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ دریں اثناء بنوں میں پاک فوج کی گاڑی پر خودکش حملے کے تانے بانے افغانستان میں موجود خارجی حافظ گل بہادر سے جا ملے، سیکورٹی ذرائع کے مطابق بنوں خودکش حملے کی ذمہ داری فتنہ الخوارج کے ذیلی گروہ اتحاد المجاہدین نے قبول کر لی،اتحاد المجاہدین کا تعلق فتنہ الخوارج کے حافظ گل بہادر گروپ سے ہے، علاوہ ازیں ڈیرہ اسماعیل خان میں بڑا دہشت گرد منصوبہ ناکام، سیکورٹی ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر شیخ یوسف خیمہ بستی میں کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر ایک جوان خاتون خودکش بمبار کو گرفتار کر لیا، دریں اثناء قبائلی اضلاع اورکزئ اور خیبرکے سرحدی علاقے میں قائم چیک پوسٹ پر شدت پسندوں نے حملہ کرکے5شہریوں کو شہید اور 3 زخمی کر دیا۔تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ 21 فروری کو ایک خودکش بمبار سمیت دیگر خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پرجاری آپریشن کے دوران ایک بزدلانہ حملے میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج نے ضلع بنوں میں سیکورٹی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنایا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بنوں شہر میں معصوم شہریوں/قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو نشانہ بنانے کے مذموم عزائم کو ناکام بناتے ہوئے لیڈنگ گروپ نے گاڑی میں سوار ایک خودکش بمبار کو روک کر معصوم شہریوں/قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو کسی بڑے نقصان سے بچا لیا۔ خوارج کی موجودگی کے حوالہ سے جاری آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد سیکورٹی فورسز نے پانچ خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔ تاہم مایوسی کے عالم میں خوارج نے بارود سے بھری گاڑی کو سکیورٹی فورسز کی گاڑیوں میں سے ایک گاڑی سے ٹکرا دیا۔ جسکے نتیجہ میں اپنے جرت مندانہ اقدامات کے لیے مشہور ایک بہادر کمانڈنگ آفیسر اور اپنے دستوں کی فرنٹ سے قیادت کر نے والے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز (عمر: 43 سال، ساکن ضلع مانسہرہ) نے سپاہی کرامت شاہ (عمر: 28 سال، ضلع پشاور کے رہائشی) کے ہمراہ شہادت قبول کی۔ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ خوارج افغان سرزمین کو استعمال اور رمضان المبارک کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے پاکستان کے اندر اپنی دہشت گردانہ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان اس گھنانے اور بزدلانہ فعل کے مرتکب افراد کیخلاف کسی بھی قسم کے تحمل سے کام نہیں لے گا اور خوارج کے خلاف جائز انتقام کیلئے کارروائیاں جاری رہیں گی۔ دریں اثناء صدرِ مملکت، وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی بزدلانہ دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔آصف علی زرداری نے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ شہداء کی عظیم قربانی قوم کا سرمایہ ہے۔ڈی آئی خان میں محکمہ انسداد دہشتگردی خیبرپختونخوا نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ سی ٹی ڈی ڈیرہ ریجن نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک مبینہ خاتون خودکش حملہ آور کو گرفتار کرلیا جسکے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا۔

اہم خبریں سے مزید