لاہور(اپنے نامہ نگار سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق پراسیکیوٹرز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ مکمل اور معیاری تربیت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ خواتین اور بچوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے اور جنسی جرائم کے خلاف مؤثر قانونی کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔ان خیالات کا اظہار سیکرٹری پراسیکیوشن سلمان غنی نے تربیتی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جنسی جرائم کے مقدمات میں تیز رفتار ٹرائل کے ذریعے متاثرین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ اس مقصد کے حصول کے لیے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے۔ سینٹر فار پروفیشنل ڈویلپمنٹ آف پبلک پراسیکیوٹر کے زیر انتظام منعقدہ اس سیشن میں اینٹی ریپ اور بدفعلی سے متعلق قوانین، عدالتی نظائر اور پراسیکیوشن کے عملی تقاضوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ سیشن میں سینئر قانون دان عامر یونس راجہ اور سنئیر پراسیکیوٹرحافظ محمد اصغر نے شرکاء کو متعلقہ قانونی حوالہ جات، عملی نکات اور عدالتی رہنمائی کی روشنی میں جامع تربیت فراہم کی۔