کراچی (اسٹاف رپورٹر )گولیمار میں بچوں کے جھگڑے میں بڑے کود پڑے ،مسلح تصادم میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق رضویہ تھانے کی حدود گولیمار لیاقت چوک واجد پکوان کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے ۔ واقعے کی اطلاع پرپولیس اور ریسکیو عملہ موقع پر پہنچا اور مقتول کی لاش اور زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا ۔پولیس نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 30 سالہ زبیر اور زخمیوں کی 45 سالہ علی اکبر ولد صابر سلطان اور 25 سالہ کاشان ولد چاند زین کےناموں سے ہوئی ۔ ابتدائی تفتیش میں واقعہ جھگڑے کے دوران پیش آنے کا معلوم ہواہے ۔پولیس نے مزید بتایا کہ دو روز قبل بچوں کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوا تھا ۔