کراچی(اسٹاف رپورٹر) مادری زبان کسی بھی قوم کی فکری بنیاد ہوتی ہے اور یہی زبان نسلوں کو آپس میں جوڑتی ہے، اِن خیالات کا اظہار متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین اور وفاقی وزیر برائے تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بین الاقوامی یومِ مادری زبان کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا، انہوں نے کہاکہ اردو ہماری قومی وحدت، تہذیبی شناخت اور تاریخی ورثے کی علامت ہے، اردو صرف اظہار کا ذریعہ نہیں بلکہ ہماری اقدار، روایات اور اجتماعی شعور کی امین ہے، ہمیں عہد کرنا چاہئے کہ ہم اپنی مادری زبان کے فروغ، تحفظ اور ترویج کیلئے عملی اقدامات کریں گے، انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اردو زبان کو روزمرہ زندگی، تعلیم، تحقیق اور سوشل میڈیا میں زیادہ سے زیادہ استعمال کریں تاکہ ہماری آنے والی نسلیں اپنی اصل شناخت سے جڑی رہیں، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ زبانوں کا احترام دراصل ثقافتوں کا احترام ہے اور اردو کا فروغ قومی یکجہتی کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، آخر میں انہوں نے قوم کو بین الاقوامی یومِ مادری زبان کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان اردو زبان کے تحفظ اور ترویج کیلئے اپنا تاریخی کردار ادا کرتی رہے گی۔