کراچی (بابر علی اعوان) ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ رمضان المبارک میں سحری و افطار کے دوران بے اعتدالی اور غیر معیاری اشیائے خورونوش کے استعمال سے گلے اور معدے کے امراض میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے، لہٰذا شہری اعتدال اور احتیاط کو اپنا شعار بنائیں۔ ڈاکٹر رتھ کے ایم فاؤ سول اسپتال کراچی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور ماہر امراض ناک، کان و حلق ڈاکٹر سید خالد بخاری نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال رمضان میں گلے کے مریضوں کی تعداد بڑھ جاتی ہے کیونکہ روزہ دار سارا دن بھوکا پیاسا رہنے کے بعد افطار میں انتہائی ٹھنڈے، میٹھے اور غیر معیاری مشروبات کے ساتھ بازاری اور تلی ہوئی اشیاء کا زیادہ استعمال کر لیتے ہیں جس سے گلہ فوراً متاثر ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام میں یہ غلط فہمی پائی جاتی ہے کہ سحری میں زیادہ کھانا کھانے سے دن بھر بھوک کم لگے گی۔