• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کے اہل خانہ اور پارٹی کے لیے سہولت کاری

اسلام آباد: (انصار عباسی)…عمران خان کے اہل خانہ اور پارٹی کے لیے ان کی صحت سے متعلق سہولیات فراہم کرنے کے حالیہ عمل کے دوران متعلقہ وزیر کو طاقت کے مرکز کے ایک انتہائی بااثر شخص نے خبردار کیا کہ کسی بھی قسم کی رعایت دینے کے باوجود یہ لوگ مطمئن نہیں ہوں گے۔ 

ایک ذریعہ کے مطابق اس بااثر شخص نے وزیر کو بتایا، ”چاہے آپ انہیں سب کچھ دے دیں، پھر بھی وہ مطمئن نہیں ہوں گے۔” ذرائع کے مطابق وزیر نے اس کے باوجود شفافیت اور تعاون کے ذریعے اعتماد قائم کرنے اور سیاسی تصادم کم کرنے کی امید میں اقدامات جاری رکھے، مگر توقع کے مطابق نتائج سامنے نہیں آئے۔ 

خان کے اہل خانہ کا ردعمل نہ صرف وفاقی وزیر کے لیے باعث شرمندگی رہا بلکہ ان پی ٹی آئی رہنماؤں کے لیے بھی جو سابق وزیراعظم عمران خان کے اہل خانہ کے لیے صحت سے متعلق سہولت کاری کے پردے کے پیچھے اقدامات میں شامل تھے۔ 

وزیر پی ٹی آئی رہنماؤں اور اہل خانہ کے نمائندوں کے ساتھ خاموش مذاکرات میں مصروف تھے تاکہ خان کی طبی دیکھ بھال اور قابل اعتماد ڈاکٹروں تک رسائی کے معاملات حل کیے جا سکیں۔ 

اس اقدام کا مقصد کشیدگی کم کرنا اور صحت کے معاملے کو وسیع سیاسی تصادم میں تبدیل ہونے سے روکنا تھا۔ تاہم سہولیات فراہم کیے جانے کے کچھ دیر بعد ہی خان کے اہل خانہ نے طبی انتظامات پر عوامی طور پر سوال اٹھائے اور اپنے مطالبات جاری رکھے، جس سے حکومتی حلقوں میں الجھن اور مایوسی پیدا ہو گئی۔

اہم خبریں سے مزید