اسلام آباد (ممتاز علوی) تحریک انصاف کی آئینی نظرثانی کمیٹی غیر فعال، عملی طور پر ختم ہو گئی، دس دن کی مدت کے باوجود ایک روز بھی اجلاس نہ ہو سکا، انٹرا پارٹی انتخابات معاملہ عدالت عالیہ لاہور اور الیکشن کمیشن میں زیر سماعت ہے، پاکستان تحریک انصاف کی آئینی نظرثانی کمیٹی، جسے گزشتہ سال 9 دسمبر کو سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے تشکیل دیا تھا، ایک دن بھی اجلاس نہیں کر سکی اور عملی طور پر ختم ہو گئی۔ کمیٹی کو نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد دس دن کے اندر اپنا کام مکمل کرنا تھا کیونکہ جماعت آئینی نظرثانی کے فوراً بعد اندرونی پارٹی انتخابات کرانے کا ارادہ رکھتی تھی۔ انتخابی نشان حاصل کرنے کے لیے سیاسی جماعت کے لیے الیکشن کمیشن کی توثیق اور تصدیق ناگزیر ہوتی ہے، لیکن تحریک انصاف کے اندرونی انتخابات کے تنازع کی وجہ سے جماعت 2024 کے عام انتخابات میں اپنا انتخابی نشان “بیٹ” حاصل نہ کر سکی اور امیدواروں کو آزاد حیثیت میں میدان میں اتارنا پڑا، یہ صورتحال تاحال برقرار ہے۔