• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برنس روڈ پر تجاوزات کے خلاف انتظامیہ کا ٹارگٹڈ آپریشن، شہری سیخ پا

کراچی( افضل ندیم ڈوگر )کراچی کے ضلع جنوبی کے مصروف ترین کاروباری علاقے برنس روڈ کی گلیوں میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ رمضان المبارک کے آغاز پر اس طرح کے اپریشن پر علاقے کے لوگ سیخ پا ہیں۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ ٹارگٹڈ آپریشن میں مخصوص دکانوں کو منہدم کیا جا رہا ہے جبکہ بیشتر غیر قانونی املاک باقی ہیں جنہیں چھوڑ دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سروے کے دوران لوگوں نے برنس روڈ کی گلی نمبر1میں نئی تعمیر شدہ 5منزلہ عمارت کی نشاندہی کی جو عین ان تجاوزات کے برابر موجود ہے جنہیں منہدم کیا گیا مگر اس عمارت کو کچھ نہیں کہا گیا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر عمارت کی سیدھ میں تمام تجاوزات گرائی گئی ہیں تو وہ عمارت کیسے چھوڑ دی گئی ہے اسی طرح گلی نمبر 2 میں بیشتر تعمیرات غیر قانونی قرار دے کر گرائی گئی مگر انہیں کے بیچ پاکستان پیپلز پارٹی کا دفتر موجود ہے۔ اس کے ساتھ عین گلی کے درمیان پیپلزپارٹی کے پرچم کے رنگوں والی غیر قانونی دکان بھی موجود ہے۔ اس پر شہری سیخ پا نظر ائے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ان کی منہدم کی گئی تعمیرات کے ایم سی سے لیز شدہ ہیں۔ جس کا پراپرٹی ٹیکس سالوں سے ادا کررہے ہیں۔ تمام دستاویزات بھی انتظامیہ کو دکھائی گئیں مگر ان کی ایک نہیں سنی گئی۔ اس سلسلے میں نمائندہ نے ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور موقف لیا تو ان کا کہنا ہے کہ آپریشن جاری ہے۔ کسی کو نہیں چھوڑا جائے گا مرحلہ وار تمام تجاوزات گرائی جائیں گی۔
اہم خبریں سے مزید