لندن( نیوز ڈیسک) برطانوی حکومت نے کہاہے اینڈریو مائونٹ بیٹن ونڈسر کو شاہی جانشینی سے ہٹانے کے لیے قانون سازی پر غور کیا جا رہا ہے۔برطانوی وزیر دفاع لیوک پولارڈ نے بی بی سی کو بتایا کہ پولیس کی تحقیقات کے نتائج سے قطع نظر یہ اقدام اٹھانا صحیح عمل ہو گا۔اگر حکومت قانون سازی کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو اینڈریو کے بادشاہ بننے کا امکان ختم ہو جائے گا۔بچوں کے ساتھ جنسی جرائم کے مجرم جیفری ایپسٹین کے ساتھ تعلقات رکھنے پر اینڈریو سے شہزادے کا خطاب اور دیگر مراعات واپس لے لی گئی تھیں۔اینڈریو بادشاہ چارلس کے بھائی ہیں۔ شہزادہ کے خطاب سے محروم ہونے کے باوجود وہ جانشینی کے سلسلے میں آٹھویں نمبر پر ہیں۔جمعرات کی شام اینڈریو کو عوامی عہدے میں بدعنوانی کے شبے میں گرفتاری کیا گیا تھا۔ انھیں تقریبا 11 گھنٹے بعد رہا کر دیا گیا تھا تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف تحقیقات کا سلسلہ جاری رہے گا۔اینڈریو مسلسل اور سختی سے کسی بھی غلط کام میں ملوث ہونے ہونے سے انکار کرتے رہے ہیں۔بی بی سی ریڈیو سے بات کرتے ہوئے پولارڈ نے تصدیق کی کہ حکومت سابق شہزادے کو ممکنہ طور پر تخت سے دور رکھنے کے منصوبوں پر بکنگھم پیلس کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔پولارڈ کا کہنا تھا کہ انھیں امید ہے کہ اس اقدام کی تمام پارٹیاں حمایت کریں گی۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک ایسی چیز ہے جو تب ہی ممکن ہے جب پولیس کی تفتیش مکمل ہو جائے۔