پشاور(جنگ نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت پر سیاست کرتے تو رویہ کچھ اور ہوتا۔پشاور پریس کلب میں تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے صحت پر ہم نے پرامن دھرنا دیا، قابض لوگوں نے اس معاملہ پر بے حسی کا مظاہرہ کیا۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوانے کہا کہ متاثرین تیراہ کےلیے 4 ارب روپے مختص کیے تو شور ہوگیا اور میڈیا پیچھے پڑ گیا تھا، ایک وزیراعلیٰ نے 11ارب روپے کا طیارہ خریدا، قوم کا پیسہ اس طرح ضائع ہو تو صحافیوں کو بولنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہم بانی پی ٹی آئی کی صحت پر سیاست نہیں کرتے، اس معاملے پر سیاست کرتے تو رویہ کچھ اور ہوتا، فرینڈ آف کورٹ نے بھی کہا کہ بانی کی آنکھ کا مسئلہ ہے۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں صحافت مضبوط رہے، ہم ہمیشہ صحافیوں کی مثبت تنقید کو ویلکم کرتے ہیں، پشاور کے صحافیوں نے مشکل وقت میں بھی حق و سچ کا ساتھ دیا تھا۔اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے کال دی تو ہمیں کوئی نہیں روک سکتا، وفاق ہمارا مقروض ہے، ہمیں ہمارا قرض نہیں دیتا، سب نے مل کر میرا ساتھ دینا ہے۔سہیل آفریدی نے دوران گفتگو پشاور پریس کلب کےلیے 15 کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا ہے۔