ملتان (سٹاف رپورٹر) سیکرٹری سکولز ایجوکیشن پنجاب مدثر ریاض ملک نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب تعلیمی نظام میں بہتری، شفافیت اور میرٹ کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان کے دورے کے دوران کیا۔سیکرٹری سکولز نے انہوں جنوبی پنجاب ایجوکیشن سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سکولز کی کارکردگی، انفراسٹرکچر، اساتذہ کی تعیناتی، آوٹ سورسنگ اور انرولمنٹ سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔مدثر ریاض ملک نے مختلف تعلیمی اداروں کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے سہولیات، کلاس رومز، صفائی کی صورتحال اور تدریسی عمل کا معائنہ کیا،سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے بتایا کہ صوبہ بھر میں 25 ہزار نئے کلاس رومز اور کمروں کی فوری تعمیر کا عمل جاری ہے انہوں نے کہا کہ آوٹ سورسنگ پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور آوٹ سورس سکولز میں انرولمنٹ میں 114 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سرپلس اساتذہ کو ڈائریکٹر ایجوکیشن کے سپرد کرکے مانیٹرنگ اور سٹوڈنٹ ایویلیوایشن کے عمل میں شامل کیا جائے گا ۔مدثر ریاض ملک نے مزید بتایا کہ ایسے سکولز جہاں 150 سے کم طلبہ یا صرف تین اساتذہ موجود ہیں، انہیں فوری طور پر آوٹ سورس کرنے کیلئے فہرستیں تیار کر لی گئی ہیں ۔