• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں‘ بھاری جرمانے عائد‘30لیٹر رینسڈ آئل تلف

ملتان (سٹاف رپورٹر)ماہ مقدس میں ناقص اشیاء کی فروخت کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کاروائیاں، فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ملتان ڈویژن میں 373 فوڈ پوائنٹس کی انسپکشن، 147فوڈ پوائنٹس کو وارننگ نوٹسز جاری جب کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر 31فوڈ پوائنٹس کو بھاری جرمانے عائد اور 30لیٹر رینسڈ آئل تلف کردیاگیا، تفصیلات کے مطابق ملتان میں 124، خانیوال 101، لودھراں 83 اور وہاڑی میں 65فوڈ پوائنٹس کو چیک کیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق ملتان میں ریلوے روڈ لکڑمنڈی، ڈیفنس کالونی شیر شاہ اور بل پھاٹک مظفرآباد میں 3 ملک شاپس کو دودھ کا معیار بہتر نہ ہونے، ورکرز کے میڈیکل سرٹیفکیٹس نہ ہونے، صفائی کے ناقص انتظامات پر مجموعی طور پر 45 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ اسی طرح پرانا شجاع آباد روڈ نیشنل بنک کے قریب ریسٹورنٹ کو آلودہ فریزر میں خوراک کی سٹوریج، صاف پانی کا استعمال نہ کرنے پر 20 ہزار، بیرون دہلی گیٹ میں سویاں بنانے والے یونٹ کو ایکسپائرڈ فوڈ کلر کا استعمال کرنے، خوراک کی زمین پر سٹوریج، حشرات کی بھرمار ہونے پر 30 ہزار روپے ، جی بلاک ثمین ظفر میڈیکل سنٹرکے قریب فاسٹ فوڈ پوائنٹ کو مکھیوں کی بھرمار، واشنگ ایریا میں گندا پانی جمع ہونے پر 10 ہزار روپے، چونگی نمبر 6 پر ریسٹورنٹ کو کچن کی صفائی نہ ہونے، حشرات کی بھرمار، خام اشیاء کی زمین پر سٹوریج ہونے پر 20 ہزار روپے اور بوسن روڈایمرسن یونیورسٹی کے قریب سویٹس اینڈ بیکرز کو خوراک کی تیاری میں رینسڈ آئل کا استعمال کرنے پر 30 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ مہرآباد روڈ میاں چنوں میں بیکری پروڈکشن یونٹ کو خوراک کی تیاری میں ٹوٹے انڈوں کا استعمال کرنے، پر 30 ہزار، مخدوم پور روڈ فوارہ چوک پر کریانہ سٹور کو ایکسپائر چائے کی پتی فروخت کرنے پر 12 ہزار وپے اور بورا روڈ میاں چنوں میں فاسٹ فوڈ پوائنٹ کو ایکسپائرڈ شوارما بریڈ کی موجودگی پر 12 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ مزید ڈی بلاک وہاڑی بازار میلسی میں آئس کریم یونٹ کو آلودہ مشینری کا استعمال کرنے، پروڈکشن ایریا میں صفائی کے ناقص انتظامات پر 20 ہزار روپے جرمانہ عائدکیاگیا ۔
ملتان سے مزید