کراچی (اسٹاف رپورٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں الخدمت 32 ہزار باہمت یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ہے،کراچی میں الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت شاپنگ مال میں 2500 باہمت بچوں کو عید کی شاپنگ کروائی جارہی ہے،ہر بچے کو 6 ہزار روپے عید شاپنگ اور 500روپے عیدی کے طور پر دیے گئے ہیں،بچوں کو ان کی ماؤں اور سرپرستوں کے ساتھ عید الفطر کی شاپنگ کا موقع دیا گیا ہے تاکہ ان بچوں کو عید الفطر کی خوشیوں میں شریک کیا جا سکے، الخدمت تعلیم،صحت،صاف پانی سمیت زندگی کے دیگر شعبوں میں بھی خدمات انجام دے رہی ہے، 25فروری سابق سٹی ناظم نعت اللہ خان کا یوم وفات ہے،نعمت اللہ خان کو شاندار عوامی و فلاحی خدمات پر ہم خراج عقیدت پیش کرتے ہیں وہ خدمت اور دیانت کا استعارہ تھے،ان ہی کی وجہ سے الخدمت کی دنیا بھر میں شناخت بنی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو گلشن اقبال کے شاپنگ مال میں عید شاپنگ کے تیسرے دن میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت راشد قریشی،ڈائریکٹر آرفن کیئر پروگرام یوسف محی الدین، الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے ذمہ داران کے علاوہ اسکول وکالجز اور جامعات کے طلبہ طالبات بھی بطور والنٹیئرز بڑی تعداد میں موجود تھے،منعم ظفر خان نے شاپنگ مال کا دورہ بھی کیا۔ بچوں سے ان کی خریداری سے متعلق دریافت کیا اور ان کے سروں پر دست شفقت رکھا۔