کراچی(اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین اور وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے یومِ نفاذِ اردو کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اردو کا مکمل نفاذ ہی قیامِ پاکستان کے مقاصد اور آئینی تقاضوں کی تکمیل ہے، اردو دنیا کی دوسری بڑی رابطے کی زبان ہے، قومی یکجہتی اور عوامی رابطے کیلئے اردو کا نفاذ ناگزیر ہے۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا اردو صرف ایک زبان نہیں بلکہ ہماری قومی شناخت، تہذیب اور وحدت کی وہ علامت ہے جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک لڑی میں پرو کر منزل تک پہنچایا، مملکتِ خداداد کی کامل ترقی اور حقیقی خود مختاری کا خواب اردو کے نفاذ کے بغیر شرمندہ تعبیر ہونا ناممکن ہے کیونکہ اپنی زبان سے دوری قومی تشخص کو مسخ کر دیتی ہے۔ یومِ نفاذِ اردو ہمیں آئین پاکستان کے اس دیرینہ وعدے کی یاد دلاتا ہے کہ اردو کو مکمل طور پر سرکاری زبان کا درجہ دیا جائے، یہ ہمارا پختہ عزم ہے کہ تعلیمی و سرکاری نظام میں اردو کے ثمرات پہنچائے جائیں تاکہ عام آدمی ریاست کے امور کو اپنی زبان میں سمجھ سکے۔ قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمان کے مطابق اردو ہی وہ واحد ذریعہ ہے جو پاکستان کے مختلف اکائیوں کو باہم جوڑ کر قومی یکجہتی کو فروغ دے سکتی ہے، لہٰذا اب وقت آ گیا ہے کہ تمام مصلحتوں کو بالائے طاق رکھ کر اردو کو اس کا اصل مقام دلایا جائے تاکہ پاکستان ایک ترقی یافتہ اور ہم آہنگ قوم بن کر ابھرے۔