ملتان (سٹاف رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مردہ مرغیوں کی بڑی سپلائی ناکام بنادی، چونگی نمبر 5 بوریوالا میں مردہ مرغیوں سے بھرا لوڈر رکشہ پکڑا گیا، 13 من مردہ مرغیاں تلف، سپلائر گرفتار، ملزم کیخلاف ایف آئی آر درج، لوڈر رکشہ پولیس نے تحویل میں لے لیا۔ بتایاگیاہے کہ فوڈ سیفٹی ٹیم نے وہاڑی کی تحصیل بوریوالہ میں چونگی نمبر5پر لوڈر رکشہ کو چیک کیا۔ لوڈر رکشہ سے مردہ، بدبودار اور انسانی صحت کیلئے انتہائی خطرناک مرغیاں برآمد کی گئیں۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق مردہ مرغیاں بوریوالا، وہاڑی اور گردونواح میں فوڈ پوائنٹس پر سپلائی کی جانی تھیں۔ فوڈ اتھارٹی ٹیم نے مضر صحت مرغیاں تلف کرکے سپلائر کیخلاف ایف آئی آر درج کروادی جبکہ ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے لوڈر رکشہ قبضے میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔