لاہور(آصف محمود بٹ )پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنرجین میریٹ نے ای ویزاسسٹم کو پاکستانی شہریوں کیلئے ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نظام سیاحت‘ عزیز و اقارب سے ملاقات اور کاروباری ملاقاتوں کیلئے برطانیہ جانے والوں کیلئے نہایت خوش آئند قدم ہے جو درخواست کے عمل سے ایک بڑا مرحلہ ختم کر دیتا ہے۔تفصیلات کےمطابق برطانیہ نے پاکستانی شہریوں کیلئے ای ویزا (eVisa) نظام متعارف کرا دیا ہے جس کے تحت اب پاسپورٹ پر ویزا اسٹیکر لگانے کی بجائے سیاحتی ویزہ‘بزنس ویزہ اور فیملی وزٹ ویزہ پاسپورٹ درخواست گزاروں کو ای میل کے ذریعے ڈیجیٹل تصدیق فراہم کی جائے گی۔ نئے نظام کے مطابق درخواست گزار اپنے آن لائن اکاؤنٹ سے ایک مخصوص “شیئر کوڈ” بھی حاصل کرسکیں گے جس کے ذریعے وہ برطانیہ کی سرحدوں پر اور دیگر متعلقہ اداروں کے سامنے اپنے ویزا اسٹیٹس کی تصدیق باآسانی کرسکیں گے۔حکام نے واضح کیا ہے کہ ای ویزا کے اجراء سے ویزا پراسیسنگ کے دورانیے، اہلیت کے معیار یا ویزا کی شرائط میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔