اسلام آباد( اسرار خان ) پاکستان نے گیس کے شعبے میں گردشی قرضے کے پھیلاؤ کو روک دیا ہے اور اس کی مکمل ادائیگی کے لیے ایک جامع منصوبہ حتمی شکل دی جا رہی ہے جو جلد وزیرِاعظم شہباز شریف کو پیش کیا جائے گا۔ وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک نے بدھ کے روز یہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام توانائی کے شعبے کو مالی طور پر مستحکم کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے اور اس کے لیے کسی اضافی بجٹ معاونت کی ضرورت نہیں ہوگی۔ گیس سیکٹر کے گردشی قرضے کی اصل رقم (پرنسپل اسٹاک) جون 2025میں 1.831کھرب روپے سے کم ہو کر ستمبر 2025تک 1.816 کھرب روپے رہ گئی، جس سے کئی برسوں سے جاری مسلسل اضافے کا سلسلہ رک گیا۔