اسلام آباد(آصف محمود بٹ)سی ایس اے کی تربیتی اصلاحات،20پروبیشنری افسران گورننس فورم 2026میں شریک۔ وزیراعظم کا 2026کو ’’اصلاحات کا سال‘‘ قرار دینے کا اعلان، ملک کو درپیش ادارہ جاتی خدمات سے متعلق مسائل کے حل کیلئےاصلاحات پر زور۔ حکام کے مطابق پیش رفت کا مقصد ایسی نئی نسل کے افسران تیار کرنا ہے جو پیچیدہ حکمرانی کے ماحول میں قومی اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل کیلئے مؤثر فیصلے کر سکیں۔پاکستان سول سروسز اکیڈمی (سی ایس اے) نے اپنے تربیتی نظام میں جامع اور ساختی تبدیلی کے عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے 54ویں کامن ٹریننگ پروگرام (سی ٹی پی) کے 20پروبیشنری افسران کو پاکستان گورننس فورم 2026میں شرکت کیلئے نامزد کیا۔ یہ اقدام اکیڈمی کی اس پالیسی کا حصہ ہے۔ 54ویں سی ٹی پی کا فاؤنڈیشن کورس ایک ماہ قبل آن لائن موڈ میں شروع ہوا تھا ۔ دو روزہ پاکستان گورننس فورم 2026 کا آغاز گزشتہ روز اسلام آباد کےسرینا ہوٹل میں کیا گیا جو آج اختتام پزیر ہوگا جس میں 54ویں سی ٹی پی کے 20پروبیشنری افسران بھی شرکت کررہے ہیں۔فورم کا افتتاح وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے کیا اور اپنے خطاب میں 2026 کو باضابطہ طور پر ’’اصلاحات کا سال‘‘ قرار دیا۔ حکام کے مطابق یہ تجربہ تدریسی مواد اور عملی گورننس کے درمیان موجود خلیج کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ ۔ حکام کے مطابق یہ پیش رفت محض ایک نمائشی اقدام نہیں بلکہ سول سروس کی تربیت میں ایک طویل المدتی اور ساختی تبدیلی کا حصہ ہے، جس کا مقصد ایسی نئی نسل کے افسران تیار کرنا ہے جو پیچیدہ حکمرانی کے ماحول میں مؤثر فیصلے کر سکیں، اداروں کے مابین تعاون کو فروغ دیں اور 2026اور اس کے بعد پاکستان کے قومی اصلاحاتی ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے میں قائدانہ کردار ادا کریں۔