• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوڈ اتھارٹی کا صوبہ بھر میں ملاوٹ مافیا کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن

پشاور(جنگ نیوز)خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے صوبہ بھر میں غیر معیاری، ملاوٹی اور مضرِ صحت خوراک کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا ہے۔ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق مختلف اضلاع میں کارروائیوں کے دوران خوراک کے متعدد یونٹس، دکانوں اور گاڑیوں کی جانچ کی گئی اور خلاف ورزیوں پر سخت قانونی اقدامات عمل میں لائے گئے۔رات گئے پشاور کے انڈسٹریل اسٹیٹ حیات آباد میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پانی، نمکو؍پاپڑ اور کنفیکشنری یونٹس پر چھاپے مارے۔ کارروائی کے دوران جعلی برانڈڈ منرل واٹر فلنگ یونٹ کو سیل کر دیا گیا جبکہ 500 لیٹر مس لیبل شدہ پانی موقع پر تلف کیا گیا۔ مزید 19 لیٹر مس لیبل شدہ خالی بوتلیں بھی برآمد کر کے ضبط کر لی گئیں۔ نمکو انڈسٹری سے 200 کلوگرام ایکسپائر نمک تلف کیا گیا جبکہ کنفیکشنری یونٹ میں نان فوڈ گریڈ کلر کے استعمال پر جرمانہ عائد کیا گیا۔پشاور کے حسین ٹاؤن اور تحصیل ایریا میں گوشت کی دکانوں کی چیکنگ کے دوران دو دکانوں سے 150 کلوگرام سے زائد بوسیدہ اور غیر معیاری گوشت و قیمہ برآمد کر کے موقع پر تلف کیا گیا۔ دونوں دکانیں سیل کر کے بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔چارسدہ کے شیرپاؤ بازار اور پڑانگ اڈہ میں فوڈ بزنسز کی انسپکشن کے دوران 2000 لیٹر غلط لیبل شدہ جوس ایک گاڑی سے برآمد کر کے ضبط کیا گیا جبکہ متعلقہ افراد پر جرمانے عائد کیے گئے۔مردان میں خفیہ اطلاع پر بکٹ گنج کے علاقے میں گھر کے اندر قائم اچار پروڈکشن یونٹ پر چھاپہ مارا گیا جہاں سے 500 کلوگرام غیر معیاری اور مضرِ صحت اچار برآمد کر کے موقع پر تلف کیا گیا اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔

پشاور سے مزید