پشاور(جنگ نیوز) انڈسٹریلسٹس ایسوسی ایشن پشاور (آئی اے پی) نے ڈائریکٹوریٹ آف ہائر ایجوکیشن خیبر پختونخوا (ایچ ای ڈی) اور پاکستان سائنس فاؤنڈیشن اسلام آباد(پی ایس ایف) کے اشتراک سے صدر آئی اے پی ایوب خان زکوڑی کی صدارت میں گزشتہ روز صنعتی مسائل سے متعلق تعلیمی پراجیکٹس کی پریزنٹیشن کے موضوع پر ایک اجلاس کا انعقاد کیا، جس میں نائب صدر آئی اے پی فرہاد اسفندیار، سابق صدر ریاض ارشد، سابق صدر زرک خان خٹک، ایگزیکٹو ممبر سجاد ظہیر اور ممبران خورشید عالم اور مجیب الرحمن نے شرکت کی۔علاوہ ازیں، ایچ ای ڈی اور پی ایس ایف کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔ شرکاء نے خیبرپختونخوا میں صنعتی مسائل پر مبنی کمرشلائزیشن کے حوالے سے کئی موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ یہ فیصلہ کیا گیا کہ ایچ ای ڈی، یونیورسٹیاں اورآئی اے پی غیر متعلقہ تجاویز کو خارج کرنے کیلئے پراجیکٹس کی فہرستوں کی مشترکہ طور پرجانچ پڑتال کریں گے۔شرکاء نے بتایا کہ اکیڈیمیا، ایچ ای ڈی اور آئی اے پی کے ساتھ مل کر پی ایس ایف تمام مجوزہ منصوبوں کا جائزہ لے گا تاکہ صحیح منصوبے ہی آگے جاکر کامیاب ہوسکیں۔ دریں اثنا،پی ایس ایف نے صنعتی مسائل سے متعلق ایک کانفرنس کے علاوہ پراجیکٹ ڈیزائن ورکشاپس کے انعقاد کیلئے مالی اعانت کا اظہار بھی کیا۔پی ایس ایف کے نمائندوں نے کہا کہ آئی اے پی ارکان اہم صنعتی مسائل اور ممکنہ منصوبوں کی نشاندہی شروع کریں تاکہ دی گئی ٹائم لائن کے اندر عملی اور دیرپا تجاویز پیش کی جا سکیں۔