پشاور (کرائمرپورٹر)تھانہ پہاڑی پورہ پولیس نے بین الصوبائی سطح پر اکیلے خونی راہزنی اوردیگر وارداتیں کرنے والے خطرناک اشتہاری کو گرفتار کر لیا۔ ملزم حمزہ کا تعلق باڑہ ضلع خیبر سے ہے جس نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوںکو گولیاں مار کر زخمی کیاجو تھانہ پہاڑی پورہ ،حیات آباد، باڑہ خیبر ، رسالپورنوشہرہ ، اورتھانہ شنوائی پولیس کو 16مختلف وارداتوں میں مطلوب ہے۔گزشتہ روز ایس پی فقیرآباد ریشم جہانگیر نے پریس کانفرنس کے دوران بتایاکہ مدعیان صابر خان، وقار خان اور گلزار نے پہاڑی پورہ پولیس کوراہزنی کے دوران فائرنگ سے زخمی ہونے کی الگ الگ رپورٹس کیں۔انہوں نے بتایاکہ یہ رات کی وقوعات ہیں اور انہوں نے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج اورسی ڈی آرکے ذریعے ملزم حمزہ تک پہنچے جس کی جسمانی ریمانڈ حاصل کرلی گئی جو پہلے بھی گرفتار ہوچکا اور چالان بھی ہوا۔ انہوں نے بتایاکہ ملزم نے بین الصوبائی سطح پر وارداتیں کیں اورخدشہ ہے کہ اس کے پیچھے پورا ایک گینگ سرگرم ہے جو مزاحمت پر شہریوں کو گولیاں مارتے ہیں۔ایس پی ریشم جہانگیر نے مزید بتایاکہ ملزم آئس نشے میں دھت ہوکر وارداتیں کرتا ہے ۔ملزم کے قبضے سے دو مسروقہ موٹر سائیکلیں اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔پولیس کا کہناہے کہ ملزم حمزہ نے گریڈ 17کے ایکسائز افسر سمیت دیگر شہریوں کو گاڑی و موٹرسائیکلیں چھیننے کے دوران زخمی کیاجن میں ایک ڈیلیوری بوائے بھی شامل ہے جبکہ ایک مدعی گلزار خان جس نے ملزم کیساتھ ہمدردی دکھاتے ہوئے موٹرسائیکل پرساتھ بٹھایا، اس سے بھی گن پوائنٹ پر موٹرسائیکل چھینا۔ ملزم سے متعلق بتایاجارہاہے کہ وہ گاڑیوں کی لفٹنگ و چوری وارداتوں میں ماہر ہے جس سے مزید تفتیش جاری ہے۔