پشاور (کرائم رپورٹر) کرک اور کوہاٹ میں سیکورٹی اور پولیس اہلکاروں پر حملوں کے واقعات کے بعد پشاور میں سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی اور ضلع بھر میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کا سلسلہ مزید تیز کر دیا گیا۔پیر کے روز کرک میں ایف سی اہلکاروں جبکہ گزشتہ روز کوہاٹ میں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنا گیا۔ اس صورتحال کے پیش نظر پشاور میں اہم شاہراہوں پر سیکورٹی چیکنگ اور حساس علاقوں میں سرچ آپریشنز کا سلسلہ تیز کردیا گیا ۔ پشاورکیپیٹل سٹی پولیس ڈیٹا کے مطابق رواں سال کے ابتدائی 2ماہ اور 23 دنوں میں پولیس نے 291 ٹارگٹڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کیے۔آپریشنز کے دوران 6873 گھروں، 270 ہوٹلز اور 77 سراوں کی چیکنگ کی گئی جسکے نتیجے میں 718 مقدمات درج کیے گئے۔آپریشنز کے دوران مختلف نوعیت کے جرائم میں ملوث 934 ملزمان جبکہ سنگین مقدمات میں مطلوب 109 اشتہاری گرفتار ہوئے ۔871 مشکوک افراد کوبھی حراست میں لیا گیا۔سرچ آپریشنز کے دوران 702 غیر رجسٹرڈ کرایہ داروں اور غیر قانونی طور پر مقیم 24 افغان باشندں کےخلاف بھی قانون کے مطابق اقدامات اٹھائے گئے۔رواں سال سرچ آپریشنز کے دوران 270 جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ وا یمونیشن بھی برآمد کی گئی۔